حکومت نے 11.8 ملین صارفین کے لیے فیول ریلیف پیکیج کی تجویز دے دی

پیٹرول 1.webp


حکومت نے 11.8 ملین صارفین کے لیے فیول ریلیف پیکیج کی تجویز دے دی

حکومت کے تخمینے کے مطابق تقریباً ایک کروڑ موٹر سائیکل صارفین کو ریلیف دیا جائے گا

اسلام آباد: حکومت نے کم آمدن والے طبقات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ریلیف دینے کے لیے 11.8 ملین صارفین پر مشتمل 75 ارب روپے کے فیول ریلیف پیکیج کی تجویز دے دی۔

ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل، تین پہیہ گاڑی اور 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے صارفین کو فیول ریلیف پیکیج میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔

پٹرولیم ڈویژن نے تین ماہ کے فیول ریلیف پیکیج کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ طلب کرلی ہے جبکہ ڈیجیٹل فیول پاس سسٹم کی تیاری اور آپریشن کے لیے 1.73 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پیکیج کے لیے مجموعی طور پر 76.73 ارب روپے کی فنڈنگ طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے فیول ریلیف پیکیج کی سمری آج اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

حکومت کے تخمینے کے مطابق تقریباً ایک کروڑ موٹر سائیکل صارفین کو ریلیف دیا جائے گا جبکہ 8 لاکھ تین پہیہ گاڑیوں اور 10 لاکھ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین بھی پیکیج سے مستفید ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل صارفین کے لیے ماہانہ 20 ارب روپے، تین پہیہ گاڑیوں کے لیے 1.6 ارب روپے جبکہ چھوٹی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 3 ارب روپے سبسڈی مختص کرنے کی تجویز ہے۔ تین ماہ کے لیے فیول سبسڈی کی مجموعی لاگت 73.8 ارب روپے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کم آمدن والے طبقات کے لیے فیول ریلیف پیکیج تجویز کیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کا مؤقف ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر مستحق صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ