اسلام آباد (بیورو رپورٹ محمد سلیم سے ): آئی فیل فاؤنڈیشن نے 13 ستمبر 2026 کو اسلام آباد میں جناح یونیورسٹی کے احاطے میں چلڈرن ہسپتال کے سنگِ بنیاد کی تقریب منعقد کی، جو راولپنڈی اسلام آباد میں بچوں کے لیے پہلا مکمل مفت علاج فراہم کرنے والا ہسپتال ہوگا۔

فاؤنڈیشن کے مطابق یہ ہسپتال ان بچوں کو خصوصی طبی سہولت فراہم کرے گا جو مالی مشکلات کے باعث علاج سے محروم رہتے ہیں۔ اس منصوبے کی بنیاد ڈاکٹرز، کاروباری حضرات، حکومتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے مشترکہ پلیٹ فارم پر رکھی گئی ہے۔
آئی فیل فاؤنڈیشن گزشتہ 18 برسوں سے "سکول آؤٹ” پروگرام کے ذریعے بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کر رہی ہے، اور اب اس نئے ہسپتال کے ذریعے مفت اور معیاری علاج کی سہولیات بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں، جن میں ماں اور بچے کی صحت کے لیے خصوصی کلینکس اور تشخیصی و طبی ٹیسٹ شامل ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی فیل فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر طاہر صدیقی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے معیاری صحت کی سہولیات کا فقدان محسوس کیا جا رہا تھا، اور یہ ہسپتال اس کمی کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
میٹرکس گروپ کے سی ای او نعیم برنی نے برنی خاندان اور برنی گروپ کی جانب سے فلاحی کاموں میں طویل عرصے سے تعاون کا ذکر کیا اور بتایا کہ ان کے خاندان نے اخوت، ایدھی، خدمت، اِنڈس اور TCF سمیت مختلف فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے لیے زمین کا عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا۔
فاؤنڈیشن کی سی ای او صائمہ سیدنے فاؤنڈیشن کے مختلف پروگراموں سے آگاہ کیا، جن میں مفت تعلیم، میڈیکل کیمپس، یتیم بچوں کی کفالت، رمضان راشن، اور غذائی معاونت شامل ہیں۔

