اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بھائی شیخ احمد بن راشد المکتوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے جاری کردہ بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ شیخ احمد بن راشد المکتوم نے اپنی پوری زندگی عزت و وقار کے ساتھ دبئی اور متحدہ عرب امارات کی خدمت کے لیے وقف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کی گراں قدر خدمات اور یاد کو قدر و احترام سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔
وزیراعظم نے شیخ محمد بن راشد المکتوم، آل مکتوم خاندان اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

