یہ تاریخی دن چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، چین کے قومی دن کی سالگرہ پر وزیراعظم کا پیغام

e6a56e7ebd4124051fb286fe7b264acb L


وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی نے وقت کے ہر امتحان کا سامنا کیا، دونوں ممالک کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں جبکہ 2026 دونوں ممالک کے مشترکہ سفر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

چین کے قومی دن کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور چین کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے، صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور اپنے عوام کے لیے زیادہ خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

اب پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے مرحلے سی پیک 2.0 میں داخل ہو رہے ہیں، جس میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وزیراعظم نے زراعت کے شعبے میں پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس کے پہلے گروپ نے چین میں اپنی تربیت مکمل کر لی ہے، جبکہ مزید ایک ہزار افراد پر مشتمل اگلا گروپ چین جانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اسے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور مستقبل میں ایک قیمتی سرمایہ کاری قرار دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔ رواں سال مئی میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی گفتگو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کی مضبوط تجدیدِ عہد تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والی اہم مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے پاکستان پوری طرح پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے چینی زبان کا قول بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’دور دیس میں موجود مخلص دوست، دور کی سرزمین کو قریب کر دیتا ہے‘‘۔ ان کے مطابق یہ الفاظ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور قربت کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زائڈونگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔ پاکستان اپنے اصولی مؤقف، وسیع عالمی وژن اور اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث بین الاقوامی سطح پر بڑھتا ہوا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے کثیرالجہتی اور بین الاقوامی تعاون کی حمایت کی ہے اور خطے سمیت عالمی سطح پر امن و سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قومی مفادات اور بین الاقوامی و علاقائی مسائل پر اس کا مؤقف عالمی سطح پر پیش کیا گیا۔

جیانگ زائڈونگ نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کا شاندار سفر ثابت کرتا ہے کہ چین اور پاکستان ایسے دوست ہیں جنہوں نے خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور ہر وقت بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں چین پاکستان عملی تعاون کو ہمیشہ بہت اہمیت دی ہے۔


install suchtv android app on google app store



Source link

متعلقہ پوسٹ