چیزیں آخری آپشن کی طرف جارہی ہیں، ایمرجنسی لگانا ناپسندیدہ عمل نہیں؛ طلال چوہدری

1001368691.webp


چیزیں آخری آپشن کی طرف جارہی ہیں، ایمرجنسی لگانا ناپسندیدہ عمل نہیں؛ طلال چوہدری

قومی پالیسی کے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں اور لوگوں کو بھڑکایا جارہا ہے، وزیر مملکت

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے معاملات آخری آپشن کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم حکومت اور اتحادیوں کے درمیان اس معاملے پر مشاورت اب بھی جاری ہے۔

بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ایمرجنسی کا نفاذ ناپسندیدہ عمل نہیں، اس حوالے سے طویل مشاورت کی گئی ہے اور حکومت کے پیش نظر کوئی ذاتی انا نہیں بلکہ قومی مفاد ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی پالیسی کے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں اور لوگوں کو بھڑکایا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت وفاق کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی جبکہ وفاق نے پاکستان تحریک انصاف سے صرف دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں تعاون مانگا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ تحریک انصاف دہشت گردوں کو دہشت گرد کہے اور دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی کی حمایت کرے لیکن ان کے بقول پی ٹی آئی بار بار قومی پالیسی کے خلاف باتیں کرتی رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے رہنما شہداء کو کندھا دینے کے لیے بھی تیار نہیں اور دہشت گردوں کو دہشت گرد کہنے سے ہچکچاتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف کو سیاسی طور پر ہر ممکن موقع دیا تاہم وفاق کی جانب سے تعاون صرف دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے معاملے پر طلب کیا گیا تھا۔

طلال چوہدری کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق معاملے پر طویل مشاورت کی جاچکی ہے لیکن حکومت اور اس کے اتحادیوں کے درمیان مشاورتی عمل اب بھی جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہ حکومت کے لیے قومی مفاد مقدم ہے اور موجودہ صورتِ حال میں تمام فیصلے اسی تناظر میں کیے جائیں گے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ