اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
صدر آصف زرداری نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کی منظوری دیتے ہوئے سمری پر دستخط کر دیے ہیں تاہم کچھ دیر میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایمرجنسی لگانے کی منظوری دی جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو خیبرپختونخوا میں حالات کی سنگینی دیکھتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کرنے کی باضابطہ سفارش کی۔
اعلامیہ جاری
صدر پاکستان نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور امن و امان کی سنگین صورتحال کے پیش نظر آئین پاکستان کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کا اعلان کردیا۔
صدارتی اعلان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے واقعات میں غیر معمولی شدت سے عوام کی جان و مال کو سنگین خطرات لاحق ہیں، سرکاری تنصیبات، بنیادی ڈھانچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی اور لاقانونیت کے مؤثر تدارک کے لیے مطلوبہ عزم اور اقدامات کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی، گورنر خیبرپختونخوا کی رپورٹ میں صوبے میں آئینی نظام کے تعطل اور صوبائی حکومت کے آئین کے مطابق کام نہ کر سکنے کی نشاندہی کی گئی۔
صدارتی اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں سنگین ایمرجنسی کی صورتحال کے پیش نظر فوری آئینی اقدام ضروری قرار دیا، صدارتی اعلان آئین کے آرٹیکل 232(1) اور آرٹیکل 234(1) کے تحت جاری کیا گیا، ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ اعلان کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت موجودہ حالات میں آئین کے مطابق نہیں چلائی جاسکتی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی حکومت کے تمام یا بعض امور اپنے اختیار میں لینے کی ہدایت دے سکے گی، گورنر خیبرپختونخوا وفاقی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ صوبائی حکومتی امور انجام دے سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق صوبائی اسمبلی کے علاوہ صوبے کے دیگر اداروں اور حکام کے تمام یا بعض اختیارات وفاقی حکومت کی ہدایت پر گورنر استعمال کر سکیں گے، خیبرپختونخوا اسمبلی کے اختیارات پارلیمان یا اس کے اختیار کے تحت استعمال کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی اور ایڈووکیٹ جنرل اپنے عہدے فوری طور پر چھوڑ دیں گے تاہم صدارتی اعلان فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
خیبرپختونخوا میں چیف سیکریٹری کی تقرری
وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں چیف سیکریٹری کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا۔
ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں، وہ اس سے قبل وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں سیکریٹری تعینات تھے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کی بطور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی، ان کی تعیناتی تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی جبکہ ان کا تعلق ضلع مردان خیبر پختونخوا سے ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے تقرری کا نوٹیفکیشن 11 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا۔

