
(ویب ڈیسک)بھارت میں ایک شخص اپنی بیوی سے جھگڑے سے بچنے کیلئے 21 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں پیش آیا جہاں 31 سالہ ہرشت لاوانیا نامی شخص موت کے منہ میں چلا گیا۔
اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ہرشت لاوانیا کی 2024 میں شادی ہوئی تھی تاہم گھریلو جھگڑے کے باعث گزشتہ 6 ماہ سے دونوں الگ رہ رہے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ہرشت لاوانیا ایک کرائے کے فلیٹ میں اکیلا رہ رہا تھا کہ اس کی بیوی اس سے بات کرنے فلیٹ پر پہنچ گئی، دروازہ بجانے پر ہرشت نے گیٹ کھولنے سے انکار کردیا جس کے بعد اس کی بیوی نے سکیورٹی گارڈز کو بلا کر دروازہ زبردستی کھلوانے کی کوشش کی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ شوہر کو مبینہ طور پر پھر سے جھگڑے کا خوف تھا اسی لیے اس نے اپنی بیوی سے بات کرنے سے انکار کردیا تھا، یہی وجہ ہے کہ اس نے 21 ویں فلور کی بالکونی سے فرار ہونے کی کوشش کی کہ اسی دوران وہ نیچے زمین پر گرگیا۔
پولیس کے مطابق رہائشیوں اور سکیورٹی گارڈز نے اسے فوری ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیا۔
ہرشت کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ جاری جھگڑے کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
یہ بھی پڑھیں؛ قطر میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں

