ٹرمپ کی نیتن یاہو کو حمایت، ایران بھی مکہ دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کا خواہش مند

ٹرمپ اور ایران.webp


ٹرمپ کی نیتن یاہو کو حمایت، ایران بھی مکہ دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کا خواہش مند

ایران نے معاہدہ کیا، لیکن امریکا نے اس کی پاسداری نہیں کی، ایرانی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات میں انہیں دوبارہ منتخب کریں، دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی اتحاد میں ایران کی شمولیت کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر بیان میں نیتن یاہو کو عظیم جنگجو وزیراعظم قرار دیتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر نیتن یاہو انتخابات میں کامیاب نہ ہوئے تو امریکا خود ایران سے نمٹے گا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی اور مالی طاقت کو تباہ کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے اپنا راستہ نہ بدلا تو امریکا جلد کارروائی مکمل کرلے گا۔ ان بیانات میں ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت مؤقف برقرار رکھنے اور نیتن یاہو کی سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اشارہ دیا۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مکہ دفاعی اتحاد میں ایران کی شمولیت کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون ایک مثبت پیش رفت ہے اور مسلم ممالک کو متحد ہونا چاہیے۔

مسعود پزشکیان کے مطابق انہیں اس دفاعی معاہدے کے فیصلوں اور تفصیلات کا مکمل علم نہیں، تاہم ایران بھی اس اتحاد کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کا مستقبل امریکا کے رویے پر بھی منحصر ہے۔

ایرانی صدر نے امریکا پر معاہدوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے معاہدہ کیا، لیکن امریکا نے اس کی پاسداری نہیں کی۔ ان کے بقول ایران کچھ بھی کرلے، امریکا اگلے ہی روز معاہدہ توڑ دیتا ہے۔

ایرانی صدر کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں دفاعی تعاون، ایران اور امریکا کے تعلقات اور اسرائیل کی سلامتی سے متعلق معاملات عالمی توجہ کا مرکز ہیں۔ ایک طرف ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت مؤقف اور نیتن یاہو کی حمایت کا اعادہ کیا ہے، تو دوسری جانب تہران نے مسلم ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ