مذاکرات کا مذاق اڑانے والوں پر بھروسہ نہیں، وزیراعظم خود دعوت دیں: اپوزیشن

IMG 20261022 WA2626


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت اگر سیاسی مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے تو وزیراعظم خود اپوزیشن کو دعوت دے، ورنہ مذاکرات کا مذاق اڑانے والوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مذاکرات کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ کیا گیا تھا، جبکہ اپوزیشن کی سنجیدگی کے باعث مولانا فضل الرحمان وزیراعظم سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب مذاق اڑانے کے انداز میں مذاکرات نہیں ہوں گے۔
محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپوزیشن چیمبر میں چائے کی دعوت دی اور کہا کہ اگر وزیراعظم وہاں نہ آئیں تو انہیں اپنے آفس کافی پر بلا لیں۔ اپوزیشن اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم سے ان کے دفتر میں صرف ملاقات ہوگی، جبکہ مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا کانسٹیٹیوشن روم، رانا ثناء اللہ یا طارق فضل چوہدری کا گھر تجویز کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن اپوزیشن لیڈر کی جانب سے اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی دعوت مسترد کر دی گئی تھی۔
اپوزیشن لیڈر نے ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے خواجہ آصف کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

متعلقہ پوسٹ