ایران پر آج کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا، امریکی صدر ٹرمپ کا اعلان
‘ایران سے متعلق کچھ معلومات منظرعام پر آئیں، کچھ خفیہ ہیں’
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آج ایران پر کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست مشی گن کے شہر پورٹ ہیرون میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے متعلق امریکا کے پاس اہم انٹیلی جنس معلومات موجود ہیں اور اس معاملے میں پیشرفت جاری ہے۔ ایران سے متعلق بعض معلومات منظرعام پر آچکی ہیں جبکہ کچھ معلومات خفیہ ہیں۔
انہوں نے جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا توقع تھی۔ آبنائے ہرمز سے جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل منتقل کیا جارہا ہے۔
روس اور یوکرین جنگ سے متعلق امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ دونوں ممالک معاہدہ چاہتے ہیں اور جلد معاہدہ ہوسکتا ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ شروع نہیں ہونی چاہیے تھی۔
اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اب تک آٹھ جنگیں ختم کرا چکا ہوں اور مزید دو جنگیں رکوانے کی کوشش کروں گا۔

