
(24 ںیوز) جنوبی کوریا اور امریکا کی افواج نے مشترکہ فضائی مشقوں ’’فریڈم فلیگ‘‘ کا آغاز کر دیا ہے، جن میں دونوں ممالک کے لڑاکا، ٹرانسپورٹ اور جاسوسی طیارے حصہ لے رہے ہیں، یہ مشقیں 6 نومبر تک جاری رہیں گی۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق دو ہفتے پر مشتمل یہ مشقیں پیر کو جنوبی کوریا کے شہر گنسان میں واقع کنسان ایئر بیس پر شروع ہوئیں، جو دارالحکومت سیئول سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔
مشقوں میں جنوبی کوریا کے ایف 15 کے، کے ایف 16 اور ایف 35 اے لڑاکا طیاروں کے علاوہ کے سی 330 ٹرانسپورٹ طیارہ اور ای 737 پیس آئی فضائی نگرانی اور ابتدائی انتباہ کا طیارہ بھی شریک ہے۔
امریکی فضائیہ کی جانب سے ایف 16 فائٹنگ فالکن لڑاکا طیارے اور آر سی 135 جاسوس طیارہ مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ امریکی بحریہ کا ایم ایچ 60 ایس سی ہاک ہیلی کاپٹر بھی ان سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ امریکی میرین کور کے ایف 35 بی اسٹیلتھ لڑاکا طیارے اور ایم کیو 9 ریپر بغیر پائلٹ نگرانی کرنے والا طیارہ بھی مشترکہ مشقوں میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ’’فریڈم فلیگ‘‘ مشترکہ فضائی مشقوں کا سلسلہ 2024 میں شروع ہوا تھا اور یہ سال میں دو مرتبہ منعقد کی جاتی ہیں۔ رواں سال کی مشقیں 26 اکتوبر سے 6 نومبر تک کنسان ایئر بیس پر جاری رہیں گی۔
ان مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون، رابطہ کاری اور مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا

