راولپنڈی:
راولپنڈی کے علاقے فضل آباد میں سسرال کے مبینہ تشدد سے تنگ آکر پڑوسیوں کے گھر پناہ لینے والی شادی شدہ خاتون کے معاملے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کے شوہر، ساس اور سسر کو تحویل میں لے لیا۔
تھانہ چکلالہ کی حدود شاہ خالد کالونی، فضل آباد میں پیش آنے والے واقعے میں ڈیڑھ سال قبل شادی کرنے والی نایاب بی بی نے سسرالی رشتہ داروں پر تشدد کرنے، بال کاٹ کر تذلیل کرنے اور زیورات چھیننے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
متاثرہ خاتون کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں وہ اپنے چچا سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کے زیورات چھین لیے گئے ہیں، جبکہ والدین کی جانب سے دی گئی دو لاکھ روپے کی رقم بھی لے لی گئی ہے۔
خاتون نے ویڈیو میں کہا کہ سسرال والوں نے ان کا جینا حرام کر رکھا ہے اور چچا سے جلد پہنچنے کی اپیل کی۔
اطلاعات کے مطابق مبینہ تشدد سے تنگ آکر خاتون نے پڑوسیوں کے گھر پناہ لی۔ واقعے کا نوٹس سینئر پولیس افسران نے لیا، جس کے بعد راولپنڈی پولیس نے خاتون اور ان کے اہل خانہ کا سراغ لگا کر خاتون کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق معاملہ پہلے رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔ خاتون کے شوہر، ساس اور سسر کو تحویل میں لے کر تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور خلاف قانون عمل ثابت ہونے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
راولپنڈی پولیس نے واضح کیا ہے کہ خواتین پر تشدد، جبر اور استحصال کسی صورت قابل برداشت نہیں۔

