امریکی شخص نے انگلیوں کے جوڑوں پر الٹا کھڑے رہنے کا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

جماسٹ کا عالمی اعزاز.webp


امریکی ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے جمناسٹ میڈن شیلی نے اپنے ہاتھوں کی انگلیوں کے جوڑوں پر الٹا کھڑے رہنے کا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے اس مشکل پوزیشن کو مسلسل 1 منٹ اور 23 سیکنڈ تک برقرار رکھی، ان کا ریکارڈ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے۔

میڈن شیلی چھ سال کی عمر سے جمناسٹک کر رہے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ اولمپکس میں حصہ لیں تاہم ریڑھ کی ہڈی کی ڈسک متاثر ہونے اور ہڈیوں میں دباؤ کے باعث فریکچر ہونے کی وجہ سے انہیں طویل عرصے تک تربیت سے دور رہنا پڑا۔

صحت یابی کے دوران انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز کے اسپورٹس اینڈ فٹنس ریکارڈز کے بارے میں معلوم ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے مرد حضرات میں انگلیوں کے جوڑوں پر سب سے زیادہ دیر تک الٹا کھڑے رہنے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس مقصد کے لیے انہوں نے چار ماہ سے زیادہ سخت ترین مشق کی۔ ابتدا میں انہوں نے ہاتھوں کے جوڑوں پر توازن قائم کرنے کی بنیادی تکنیک سیکھی اور دیگر کھلاڑیوں کی ویڈیوز دیکھیں۔ اس کے بعد چھ ہفتے تک توازن بہتر بنانے کی مشقیں کیں، جبکہ اگلے چھ ہفتوں میں جسمانی وزن برداشت کرنے اور درد کے باوجود زیادہ دیر تک پوزیشن برقرار رکھنے کی صلاحیت پیدا کی۔

یہ بھی پڑھیں: 70 ممالک، 30,000 سے زائد اسنیکس، چینی شاپ نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

شیلی کے مطابق اس مشق کے دوران انگلیوں کے جوڑوں پر شدید دباؤ پڑتا تھا اور ہر کوشش کے بعد ان کے جوڑ سوج جاتے تھے۔ اس لیے وہ تربیت کے ساتھ آرام کا بھی خاص خیال رکھتے اور مشق کے بعد برف سے سوجن کم کرتے تھے۔

شیلی نے 11 ستمبر 2025 کو باضابطہ طور پر ریکارڈ بنانے کی کوشش کی اور ایک منٹ 23 سیکنڈ تک انگلیوں کے جوڑوں پر الٹا کھڑے رہنے میں کامیاب رہے، یوں ان کی کئی ماہ کی محنت رنگ لائی اور گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ان کی کامیابی کی تصدیق کر دی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ