افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
انہوں نے یہ تاریخی سنگ میل جمعرات کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران حاصل کیا۔
راشد خان نے زمبابوے کے اوپنر تادیواناشے مارومانی کو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔ یہ ان کا 120واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ راشد خان نے 2015 میں زمبابوے ہی کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 11 سال بعد اسی ٹیم کے خلاف تاریخ رقم کی۔
ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 165، نیوزی لیںڈ کے ٹم ساؤتھی 164 اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا 163 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
راشد خان مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ وہ 551 میچز میں 742 شکار کرچکے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 658 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

