
( ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کے بعد وطن واپسی پر صدارتی طیارے ایئر فورس ون میں سائبر جاسوسی کے خدشات کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے، جس کے تحت صحافیوں کو چین میں استعمال کیے گئے موبائل فون خصوصی سگنل بلاک کرنے والے تھیلوں میں رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے چین کے شہر شین ژین سے واپسی کے دوران ممکنہ سائبر جاسوسی سے بچنے کے لیے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔ طیارے میں موجود صحافیوں کو بتایا گیا کہ چین میں استعمال کیے گئے موبائل فون پرواز کے دوران ان کے پاس نہیں رہیں گے اور امریکا پہنچنے کے بعد واپس کیے جائیں گے۔
سی بی ایس نیوز کی نامہ نگار جینیفر جیکبز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک معاون نے عملے کے ارکان کے عارضی موبائل فون بھی جمع کرلیے، جنہیں یا تو ضائع کیا جانا تھا یا ان کا ڈیٹا مکمل طور پر صاف کیا جانا تھا۔
Why were reporters’ phones collected aboard Air Force One after President Trump’s China visit? According to reporters on board, White House officials placed temporary phones used in China into Faraday bags as a cybersecurity precaution. The devices are expected to be returned after their data is wiped. #AirForceOne #China #Cybersecurity #TruthPlus #TruthSocial
— Truth Social (@truthsocial) November 19, 2026
رپورٹ کے مطابق کئی صحافیوں نے چین پہنچنے سے پہلے اپنے معمول کے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور اسمارٹ واچز ایئر فورس ون ہی میں دھات کی تہہ والے خصوصی تھیلوں میں رکھ دیے تھے۔ یہ تھیلے برقی اور ریڈیو سگنلز کو اندر یا باہر جانے سے روکتے ہیں، جس سے آلات تک غیر مجاز رسائی اور ڈیٹا کی منتقلی کے خطرات کم کیے جاسکتے ہیں۔
تاہم جن صحافیوں نے چین میں اپنے معمول کے موبائل فون استعمال کیے تھے، انہیں واپسی کے سفر میں ان فونز تک رسائی نہیں دی گئی۔ ان کے آلات امریکی فضائی اڈے جوائنٹ بیس اینڈریوز پہنچنے کے بعد واپس کیے گئے۔
صدر ٹرمپ نے این بی سی نیوز کے نمائندے گیب گٹیریز سے گفتگو کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ احتیاط برتنا چاہتی تھی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی کے پاس ایسا فون نہ ہو جو اس وقت اس کے پاس نہیں ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات غیر ملکی دوروں کے دوران امریکی حکام اور صحافیوں کے ڈیجیٹل آلات کو ممکنہ سائبر حملوں، جاسوسی اور حساس معلومات تک غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ تاہم رپورٹ میں چین کی جانب سے کسی مخصوص جاسوسی کارروائی یا حملے کا ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

