
(ویب ڈیسک)بنگلادیش میں کئی ہفتوں سے جاری احتجاج اور فیکٹریوں کی بندش کے بعد گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا سے بڑھا کر 17 ہزار ٹکا کر دی گئی۔
بنگلادیش کی گارمنٹس انڈسٹری ملک کی معیشت میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے،اس شعبے سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں، جبکہ ملک کی مجموعی برآمدات میں اس صنعت کا حصہ 80 فیصد سے زیادہ ہے، گارمنٹس ورکرز کئی ہفتوں سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کر رہے تھے،مظاہروں کے باعث فیکٹریاں بند ہوئیں، شاہراہیں بلاک رہیں اور پیداواری سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جبکہ بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ اجرت بورڈ نے مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد بدھ کی رات 2 بجے نئی تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری دی تاہم حالیہ اضافہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران سب سے کم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ مزدوروں نے ابتدائی طور پر اپنی تنخواہیں دگنی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اجرت بورڈ کے6 رکنی پینل میں مزدوروں اور آجرین کے 2، 2 نمائندے شامل تھے، نئے تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری2 کے مقابلے میں 4 ووٹوں سے دی گئی۔
مزدوروں کے نمائندے بابل اختر کے مطابق4 ارکان نے کم از کم ماہانہ تنخواہ 17 ہزار ٹکا یعنی 139 ڈالر مقرر کرنے کی حمایت کی جبکہ دو ارکان نے مزدوروں کا 18 ہزار ٹکا تنخواہ مقرر کرنے کا مطالبہ برقرار رکھا۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر احسن اقبال نے خلائی سفر کو قوم کے لیے تاریخی اور جذباتی لمحہ قرار دے دیا
نئے4 درجات پر مشتمل تنخواہوں کے نظام کے تحت گریڈ 4 کے ملازمین کی کم از کم ماہانہ اجرت 17 ہزار ٹکا جبکہ گریڈ 1 کے ملازمین کی تنخواہ 21 ہزار 500 ٹکا مقرر کی گئی ہے۔
اس سے قبل گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا تھی جس میں اب 4 ہزار 500 ٹکا اضافہ کیا گیا ہے۔
مزدوروں نے مذاکرات کے ابتدائی مرحلے میں کم از کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار ٹکا مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم بعد میں اسے کم کرکے 18 ہزار ٹکا کر دیا گیا،دوسری جانب فیکٹری مالکان نے ابتدا میں 15 ہزار ٹکا تنخواہ کی پیشکش کی تھی جسے بعد ازاں بڑھا کر 17 ہزار ٹکا کر دیا گیا۔
مزدوروں کے احتجاج نے بنگلادیش کی اہم ترین برآمدی صنعت کو شدید متاثر کیا ہے۔
بنگلادیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (بی جی ایم ای اے) کے مطابق منگل کو 397 فیکٹریاں کام کرنے سے قاصر رہیں، جبکہ مزید 84 فیکٹریاں لیبر قانون کے تحت ’کام نہیں تو تنخواہ نہیں‘ کی شق کے تحت بند رہیں۔
بی جی ایم ای اے کے ایک سروے کے مطابق 18 روز تک جاری رہنے والی پیداواری رکاوٹوں کے دوران 317 فیکٹریوں کو تقریباً 428 ملین ڈالر کا پیداواری نقصان ہوا جبکہ خریداروں نے تقریباً 254 ملین ڈالر کے آرڈرز دوسرے ممالک منتقل کر دیے۔
فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں مزید اضافہ پیداواری لاگت بڑھا سکتا ہے اور عالمی منڈی میں بنگلادیشی مصنوعات کی مسابقتی حیثیت کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا عالمی اداروں کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈال کر عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا: عباس عراقچی
دوسری جانب مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا مؤقف ہے کہ ملازمین کے معیارِ زندگی کو برقرار رکھنے اور گارمنٹس انڈسٹری میں طویل مدتی استحکام کے لیے بہتر اجرت ضروری ہے۔
نئی تنخواہوں کا اطلاق کب ہوگا؟
حکومت کی منظور کردہ نئی تنخواہوں کا ڈھانچہ یکم دسمبر سے نافذ العمل ہوگا جبکہ مزدوروں کو نظرثانی شدہ اجرت جنوری سے ملنے کی توقع ہے۔
مزدوروں کی تنخواہوں میں گزشتہ برسوں کے دوران بھی نمایاں اضافے کیے گئے تھے،سال 2023 میں کم از کم اجرت میں 56 فیصد، 2018 میں 51 فیصد اور 2013 میں 77 فیصد اضافہ کیا گیا تھا تاہم رواں سال 36 فیصد اضافہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں سب سے کم ہے۔

