بی بی سی رشین کے مطابق فروری ۲۰۲۲ء میں یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کم از کم ۴۹۰۳۳۴ روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار روس کی وفاقی شماریاتی ایجنسی روس اسٹیٹ کے لیک شدہ ریکارڈ سے سامنے آئے ہیں۔
بی بی سی رشین نے بیلاروسی گروپ سائبر پارٹیزنز اور یوکرین کے سائلنٹ کرو کی ہیکنگ کے بعد ۲۰۲۱ء سے ستمبر ۲۰۲۶ء تک ۱۱ ملین سے زائد اموات کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کی۔ تجزیے کے مطابق ۲۰۲۵ء میں ہلاک ہونے والے ۱۸ سے ۲۴ سال کے ۶۵ فیصد نوجوان یوکرین جنگ میں مارے گئے۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کے روسی تیل تنصیبات پر حملوں کا جواب دینا "ناگزیر” ہے، حالانکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایسا نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ بدھ کی رات یوکرینی ڈرونز نے روس کے اندر تقریباً ۸۰۰ کلومیٹر دور سمارا ریجن میں دو مزید بڑی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جہاں مقامی رہائشیوں نے ریفائنریوں میں بڑی آگ لگنے کی اطلاع دی۔ پوتن نے کریملن میں حکومتی اور تیل کے عہدیداروں کے اجلاس میں کہا کہ یوکرین امریکی صدر کی اپیل کے باوجود حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے مطابق ۲۴ فروری ۲۰۲۲ء سے اب تک روس کو یوکرین میں ۱۶۴۳۵۸۰ فوجیوں کا نقصان ہوا ہے، جبکہ گزشتہ روز کم از کم ۲۰۹۱ کا نقصان ہوا۔
سفارتی محاذ پر ایسٹونیا یکم دسمبر کو روس کے ساتھ اپنی سرحد بند کر رہا ہے اور یورپ پر زور دے رہا ہے کہ وہ پوتن کی جارحیت کو زیادہ سنجیدگی سے لے۔ ہنگری کے وزیر اعظم پیٹر میگیار نے منگل کو کیف کے دورے میں صدر زیلنسکی سے ملاقات کی اور تعلقات میں "تازہ آغاز” کا خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی تعاون، ہنگری کے ڈیزل کی یوکرین کو برآمدات، گیس ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور سرحد پار ریل رابطوں پر بات کی۔ اپریل میں میگیار کے اقتدار میں آنے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، جبکہ سابق رہنما وکٹر اوربان کے دور میں ہنگری یورپی یونین میں یوکرین کی رکنیت کی راہ میں بڑی رکاوٹ تھا۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے جنگ ختم کرانے کے لیے روس کو کاروباری معاہدوں کی ترغیب دینے کی تجاویز خاموشی سے ترک کر دی ہیں، کیونکہ روس نے توانائی اور ہوا بازی کے منصوبوں میں کم دلچسپی ظاہر کی۔

