یورپی بینکوں کی اسرائیلی قبضے سے جڑی کمپنیوں کو ۳۶۱ ارب ڈالر کی مالی معاونت: رپورٹ

european bank israel 251126 d

ڈونٹ بائے انٹو آکیوپیشن (ڈی بی آئی او) اتحاد کی بدھ کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق یورپی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے جڑی کمپنیوں کو ۳۶۱ ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فرانسیسی بینک بی این پی پاریباس اور ڈچ ادارے آئی این جی نے ایسی کمپنیوں کے ساتھ اپنے مالی روابط میں مزید اضافہ کیا ہے۔

۳۰ فلسطینی اور یورپی غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے تیار کی گئی اس اتحاد کی چھٹی رپورٹ میں ایک ہزار ۹۶ یورپی مالیاتی اداروں اور ۱۰۷ کمپنیوں کے درمیان مالی روابط کا جائزہ لیا گیا ہے، جن کی سرگرمیوں کو رپورٹ میں مقبوضہ علاقوں میں ہونے والی خلاف ورزیوں سے جوڑا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بی این پی پاریباس نے امریکی کمپنی کیٹرپلر سمیت کئی کمپنیوں کی مالی معاونت نمایاں طور پر بڑھائی ہے۔ اسرائیلی فوج غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو مسمار کرنے کے لیے کیٹرپلر کے بلڈوزر استعمال کرتی رہی ہے۔ بینک کی جانب سے کیٹرپلر کو دیے گئے قرضے ۷۲۱ ملین ڈالر سے بڑھ کر ۹۸۴ ملین ڈالر ہو گئے، جبکہ کمپنی میں اس کی سرمایہ کاری ۲۰۲۵ء کے ۲۷۵ ملین ڈالر سے بڑھ کر ۲۰۲۶ء میں ۶۴۸ ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

آئی این جی نے بھی رپورٹ میں شناخت کی گئی کمپنیوں کے ساتھ روابط وسیع کیے ہیں۔ اس نے اوشکوش کو ۱۱۰ ملین ڈالر کی نئی قرض سہولت دی ہے، جو اسرائیلی وزارتِ دفاع کو فوجی گاڑیاں فراہم کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر ۲۰۲۴ء سے اگست ۲۰۲۶ء کے درمیان یورپی مالیاتی اداروں نے رپورٹ میں شامل ۵۶ کمپنیوں کو مجموعی طور پر ۳۶۱ ارب ڈالر کے قرضے اور انڈر رائٹنگ خدمات فراہم کیں۔ ۱۵ ستمبر ۲۰۲۶ء تک یورپی سرمایہ کاروں کے پاس ان میں سے ۹۰ کمپنیوں کے ۱ء۷۴۵ ٹریلین ڈالر مالیت کے حصص اور بانڈز تھے یا وہ ان کا انتظام سنبھالے ہوئے تھے۔ فہرست میں بوئنگ، لاک ہیڈ مارٹن، آر ٹی ایکس، جنرل ڈائنامکس، کیٹرپلر، مائیکروسافٹ، گوگل، ایمیزون اور پالانٹیر جیسی کمپنیاں نمایاں ہیں۔

متعلقہ پوسٹ