تہران: ایرانی فوج کے ڈپٹی چیف آف کوآرڈینیشن ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگوں سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اہم فوجی ترجیح بن چکا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے دوبارہ فوجی حملے کیے تو اسے ایران کے نئے تیار کردہ فضائی دفاعی نظاموں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیاری نے کہا کہ ایران نے حالیہ جنگوں سے بہت سے سبق حاصل کیے ہیں، جن میں سب سے اہم یہ ہے کہ فضائی دفاع کو مضبوط بنانے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال کی ۱۲؍ روزہ جنگ اور رواں سال امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ایران کی اہم فوجی ترجیحات میں شامل ہو گیا ہے۔
سیاری نے دعویٰ کیا کہ ایران نے جدید فوجی ساز و سامان اور نظام تیار کر کے تعینات کیے ہیں جن کے ذریعے مخالفین کو نمایاں نقصان پہنچایا جائے گا۔ ان کے مطابق دشمن کو عملی طور پر ہمارے نئے فضائی دفاعی نظاموں کا سامنا کرنا پڑے گا اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں وہ ان کی افادیت اور صلاحیتوں کا خود مشاہدہ کرے گا۔

