(ویب ڈیسک)سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ناقص کارکردگی اور خدمات کے معیار پر پورا نہ اترنے پر 1,800 غیر ملکی عمرہ ٹریول ایجنسیوں کے معاہدے معطل کر دیے۔
خلیج میڈیا کے مطابق یہ ایجنسیاں عمرہ شعبے میں کام کرنے والی تقریباً 5,800 ایجنسیوں کا نمایاں حصہ ہیں۔
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ باقاعدہ جائزےکے بعد کیا گیا جس میں متعدد ایجنسیوں کی کارکردگی میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔
وزارت حج و عمرہ کے ترجمان غسان النعیمی کے مطابق متاثرہ ایجنسیوں کو 10 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ نشاندہی کی گئی خامیوں کو دور کر سکیں، معطلی کا اطلاق فی الحال صرف نئے عمرہ ویزوں کے اجرا پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا کے بڑے طاقتور بحری جہاز چند دنوں میں ایران کے بالکل قریب ہوں گے: ڈونلڈ ٹرمپ
ترجمان کا کہنا تھا کہ جو ایجنسیاں مقررہ مدت میں وزارت کے طے شدہ معیار پر پورا اتریں گی، ان کے معاہدے دوبارہ بحال کر دیے جائیں گے، جن زائرین کے ویزے جاری ہو چکے ہیں یا جن کی بکنگ پہلے سے موجود ہے وہ اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے اور ان کی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں گی۔


