14 فروری 2026 | کولمبو
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ دیکھنے کے لیے کولمبو پہنچ گئے، جہاں ان کی مختلف کرکٹ بورڈز کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
کولمبو ایئرپورٹ پر سری لنکا کے نائب وزیر جنیتھیا راون کوڈ یتھوواکو اور سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر فہیم العزیز نے چیئرمین پی سی بی کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ سمیر احمد، سلمان نصیر اور عامر میر بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی میچ سے قبل قومی اسکواڈ سے ملاقات کریں گے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز کے عہدیداران سے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ محسن نقوی اور جے شاہ، جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ہیں، ایک ساتھ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے دیگر اعلیٰ عہدیداران اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے حکام بھی اس اہم موقع پر کولمبو میں موجود ہوں گے۔
سری لنکا کرکٹ کی جانب سے مختلف بورڈز کے نمائندوں کو خصوصی دعوت دی گئی ہے، جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر کی شرکت کا بھی امکان ہے۔
آئی سی سی نے ایشیا کے پانچ بڑے کرکٹ کھیلنے والے ممالک — پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا — کے سربراہان کو مدعو کیا ہے تاکہ باہمی مکالمے کے ذریعے حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

