راولپنڈی (آئی این این): خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے خودکش حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ آپریشن کے دوران 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں خودکش بمبار کی گاڑی موجود ہے، جس پر فورسز نے فوری آپریشن شروع کر دیا۔ آپریشن کے دوران خوارج کا سراغ لگا لیا گیا اور اگلے دستے نے خودکش بمبار کو بروقت روکنے کی کوشش کی، تاہم مایوسی میں دہشتگرد نے بارود سے بھری گاڑی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں یہ دردناک سانحہ پیش آیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کی بدولت بنوں شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا اور دہشتگردوں کے معصوم شہریوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے۔
شہداء کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ کو آخری دم تک جاری رکھے گی۔

