اسلام آباد محمد سلیم سے : وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے انسداد کے لیے اسلام آباد پولیس کا مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 25 اشتہاریوں سمیت مجموعی طور پر 39 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں، جن کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف تھانوں بشمول گولڑہ، سنگجانی، انڈسٹریل ایریا، نون، شمس کالونی، کھنہ، کرپا اور بنی گالہ پولیس ٹیموں نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران 14 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 1,660 گرام چرس، 610 گرام ہیروئن، 201 گرام آئس، 15 بوتلیں شراب، سات پستول معہ ایمونیشن اور دو خنجر برآمد کیے گئے۔
پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ادھر اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران مزید 25 مجرمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت سرگرم عمل ہے اور کسی بھی جرائم پیشہ عنصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن "پکار-15” پر دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔

