اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) — وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں پیٹرول پر 95 روپے اور ڈیزل پر 203 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت اس ہفتے مزید 56 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام پر مہنگائی کا مزید دباؤ نہ پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ "آج کی تاریخ میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 544 روپے ہونی چاہیے تھی، جو حکومت آپ کو صرف 322 روپے میں دے رہی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی اصل قیمت 790 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے تھی، جو حکومت آپ کو 335 روپے میں فراہم کر رہی ہے۔”
شہباز شریف نے زور دیا کہ عوام کے معاشی تحفظ کے سوا ان کے پاس کوئی اور ترجیح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں دوگنی ہو چکی ہیں، لیکن پاکستانی حکومت مہنگائی کے طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روکے ہوئے ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی محاذ پر دن رات کام کرنے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دو محاذوں پر کامیابی سے کام کر رہا ہے اور دوست ممالک سمیت پورے خطے کو تباہ کن جنگ سے بچانے کی کوشش جاری ہے۔
یہ فیصلہ عالمی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

