لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک نجی گھریلو ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی نعیمہ بی بی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی۔ بچی کی لاش عمارت کے گراؤنڈ فلور کے واش روم سے برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق بچی روزانہ کی طرح گھر سے ٹیوشن پڑھنے گئی تھی۔ تین منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر گھر کی خواتین بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی تھیں۔ بچی واش روم جانے کے لیے گراؤنڈ فلور پر آئی، دس منٹ تک واپس نہ آنے پر ٹیچر نیچے آئیں تو بچی بے ہوش حالت میں واش روم میں پڑی ملی۔ شور مچنے پر محلے دار جمع ہو گئے، بچی کو ہوش میں لانے کی کوشش ناکام ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے جائے وقوع پر بتایا کہ قانونی کارروائی جاری ہے اور تحقیقات سے مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ پولیس کے مطابق بچی کی گردن پر نشانات پائے گئے ہیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے گھر کے مالک عبدالرؤف اور دیگر افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ عبدالرؤف کی دونوں بیٹیاں اس سینٹر میں ٹیوشن پڑھاتی ہیں جہاں تقریباً 20 بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں۔

