لندن — ہالی ووڈ اداکار اینڈریو گارفیلڈ نے کہا ہے کہ اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین کا کردار ادا کرنے کے بعد انہوں نے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال ترک کر دیا ہے۔
لوکا گواڈانینو کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’آرٹیفیشل‘‘ اوپن اے آئی کے قیام، ترقی اور سیم آلٹمین کی مختصر برطرفی اور واپسی کے واقعے پر مبنی ہے۔ گارفیلڈ نے فلم کے حوالے سے ورائٹی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ فلم کی تیاری کے دوران مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر ان کی تشویش بڑھ گئی۔
انہوں نے کہا کہ ’’مجھے تھوڑا خوف محسوس ہوا اور ٹیکنالوجی پر میرا اعتماد کچھ کم ہو گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ جو لوگ ہمیں یہ ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، وہ خود بھی اس کی صلاحیتوں کو پوری طرح نہیں جانتے۔ ذاتی طور پر مجھے یہ غیر ذمہ دارانہ محسوس ہوتا ہے۔‘‘
گارفیلڈ نے بتایا کہ وہ پہلے چیٹ جی پی ٹی کو تحقیق کے لیے یا گوگل کے جدید متبادل کے طور پر استعمال کرتے تھے، لیکن فلم پر کام کرنے کے بعد اسے چھوڑ دیا۔ ان کے مطابق اداکاری کے پیشے میں انہیں اس ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں، جیسی ضرورت کچھ دوسرے شعبوں سے وابستہ افراد کو ہو سکتی ہے۔
فلم میں 2023 کی وہ کشمکش بھی دکھائی گئی ہے جس میں سیم آلٹمین کو اوپن اے آئی سے نکال کر پانچ دن بعد واپس لایا گیا تھا۔

