
(ویب ڈیسک)سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں بین الاقوامی ایئرپورٹ اور تیل کی تنصیب پر الگ الگ حملوں کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔
سعودی حکام کے مطابق دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں ایک غیر ملکی شہری ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کو بھی مالی نقصان پہنچا، جس کا تخمینہ لگایا جارہا ہے، حکام نے کہا ہے کہ صورتحال سے متعلق مزید معلومات دستیاب ہونے پر آگاہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر کی ملاقات
دوسری جانب سعودی وزارت توانائی کے مطابق شیبہ آئل فیلڈ میں آرامکو کی تیل پراسیسنگ تنصیب کو نشانہ بنانے والے ڈرون کو کامیابی سے روک لیا گیا، تاہم اس کا ملبہ گرنے سے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک فلپائنی اور ایک نیپالی شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں ایک پاکستانی اور ایک بھارتی باشندہ بھی شامل ہیں۔
ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب میں تعینات امریکی حکومت کے غیرہنگامی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو سعودیہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

