
( ویب ڈیسک )فرانس نے ملک بھر میں سپر مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے ریفریجریشن سسٹمز کو سائبر حملوں کے ذریعے ناکارہ بنانے کا ذمہ دار ایران کو قرار دے دیا ہے۔
فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی سائبر یونٹ ملوث تھی، جس نے سینکڑوں کاروباری مراکز کے فریج اور فریزرز کا درجہ حرارت تبدیل کرکے بڑے پیمانے پر مالی نقصان پہنچایا۔
فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے پیرس میں جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ تحقیقات سے تصدیق ہوئی ہے کہ ان حملوں کے پیچھے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا ہاتھ تھا۔
یہ بھی پڑھیں:گھر خریدنے والوں کیلئے بڑی خبر
انہوں نے سائبر حملوں کو غیر معمولی پیمانے اور جارحیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانس اس کارروائی کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرانس یورپی یونین کے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر حملوں میں ملوث ایرانی اداروں اور افراد پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کرے گا۔
فرانسیسی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر اضافی سرکاری اور غیر اعلانیہ اقدامات بھی کرسکتی ہے.

