صدر آصف علی زرداری کی پاکستان اور آسٹریا کے تعلقات مزید مستحکم بنانے پر زور

اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ ایوانِ صدر میں پاکستان میں آسٹریا کی سبکدوش ہونے والی سفیر محترمہ آندریا وِکے کی الوداعی ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔صدرِ مملکت نے سفیر آندریا وِکے کی جانب سے اپنے دورِ سفارت کے دوران پاک-آسٹریا تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنی سیاحت کی وسیع صلاحیتوں کا حامل ملک ہے اور آسٹریا کو خاص طور پر الپائن سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، جس میں آسٹریا کو خاص مہارت حاصل ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تربیت یافتہ آئی ٹی ماہرین کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آسٹریا کی کمپنیاں پاکستان کے انسانی وسائل سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔صدر مملکت نے محترمہ آندریا وِکے کو ان کے کامیاب سفارتی دور کی تکمیل پر مبارکباد دی اور ان کے آئندہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ پوسٹ