پاکستان میں 41 ملین درخت لگانے کی مہم، صدرِ مملکت کی عوام سے اپیل
اسلام آباد (انٹرنیشنل نیوز ڈیسک):
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے ملک گیر شجرکاری مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگست سے اکتوبر 2025 تک پورے ملک میں 4 کروڑ 10 لاکھ (41 ملین) پودے لگائے جائیں گے، جو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ایک اہم قدم ہے۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا مذید کہنا تھاکہ درخت نہ صرف ماحول کی خوبصورتی کا ذریعہ ہیں بلکہ سیلاب، درجہ حرارت میں اضافے اور دیگر قدرتی آفات کے خلاف مؤثر ڈھال بھی ہیں۔ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ درخت لگانے میں اپنا کردار ادا کرے۔”
صدر آصف زرداری نے خاص طور پر نوجوانوں، کسانوں، کمیونٹی رہنماؤں، مذہبی علماء اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پاکستان کو ایک سرسبز، محفوظ اور پائیدار ملک بنانے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ درختوں کا تحفظ اور جنگلات کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
