وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت، خصوصی اقتصادی زونز میں سہولیات فراہم کرنے کا اعلان

FB IMG 1755700570707 1


اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اب وقت ہے کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے۔ انہوں نے چینی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز چینی کمپنی شینڈونگ زن زو گروپ کارپوریشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس کی قیادت کمپنی کے چیئرمین ہیو جیانزن کر رہے تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں خصوصاً شپ بریکنگ اور شپ ری سائیکلنگ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں شپ بریکنگ اور شپ ری سائیکلنگ کی صنعت میں بے پناہ استعداد موجود ہے، جس سے نہ صرف ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو محفوظ اور پائیدار بنایا جا سکے۔

اس موقع پر شینڈونگ گروپ کے چیئرمین ہیو جیانزن نے حکومت پاکستان کی جانب سے سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور سہولیات کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شینڈونگ گروپ پاکستان میں میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس کے قیام میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے جدید گرین شپ بریکنگ یارڈ تعمیر کرے گا

متعلقہ پوسٹ