پی سی بی نے اسکولز میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان

Screenshot 20250821 022016


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر کے اسکولوں میں کرکٹ کو فروغ دینے اور نئے کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد کرکٹ کے ڈھانچے کو نچلی سطح سے مضبوط کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت بڑے شہروں کے منتخب اسکولوں سے ٹرائلز اور میچز کا آغاز کیا جائے گا، جسے بعد ازاں ضلعی اور تحصیل کی سطح تک بڑھایا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور سمیت علاقائی اکیڈمیوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان نوجوان کھلاڑیوں کو سابق کرکٹرز اور تجربہ کار کوچز کی رہنمائی حاصل ہوگی جبکہ ٹریننگ کے دوران تکنیکی مہارت، فٹنس اور ڈسپلن پر خاص توجہ دی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق بہترین کھلاڑیوں کو عمر کے حساب سے انڈر 13، انڈر 16 اور انڈر 19 ٹیموں میں نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔ اس اقدام کے ذریعے دیہی اور پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑی بھی سامنے آ سکیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اسکولز کرکٹ کو فعال بنانا مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے نرسری تیار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کرکٹ کا مستقبل مزید روشن ہوگا۔

متعلقہ پوسٹ