وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے "انسداد دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراجِ عقیدت کا عالمی دن” کے موقع پر دہشت گردی کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ یہ دن ہر سال 21 اگست کو منایا جاتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ ملک ہے جو دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ہزاروں خاندان آج بھی اس ناسور کی وجہ سے دکھ اور صدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: "ہم ان معصوم جانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ کر اپنی قربانی دی۔”
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بہادری اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ریاستی ادارے متحد ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا
