ڈھاکا: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پرانے تعلقات کی تجدید، نوجوانوں کے درمیان روابط کے فروغ، علاقائی رابطہ کاری میں اضافے اور تجارتی و معاشی تعاون کو مزید بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی تعاون کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔
ڈپٹی وزیراعظم/وزیر خارجہ نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پروفیسر محمد یونس کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں اور انہیں ڈھاکا میں اپنی مصروفیات اور دورے کے اہم نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شاندار انتظامات اور پرتپاک مہمان نوازی پر چیف ایڈوائزر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
