ایمسٹرڈیم (مانیٹرنگ ڈیسک) — نیدرلینڈز میں 29 اکتوبر کو ہونے والے قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے لیے انتخابی مہم تیز ہوگئی ہے، جہاں مہاجرت، معیشت، رہائش اور خارجہ امور اہم انتخابی موضوعات کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

تازہ ترین سروے کے مطابق دائیں بازو کی پارٹی فار فریڈم (پی وی وی)، جس کی قیادت گیرٹ وائلڈرز کر رہے ہیں، 150 رکنی پارلیمان میں 33 نشستوں کے ساتھ آگے ہے۔ اس کے بعد بائیں بازو کی جماعتوں گرین لنکس اور لیبر پارٹی (GroenLinks-PvdA) کے مشترکہ اتحاد کو 26 نشستوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ انتخابات اس وقت بلائے گئے جب پی وی وی نے جون میں مہاجرت کی پالیسی پر اختلافات کے باعث مخلوط حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
سروے کے مطابق موجودہ حکومتی اتحادی جماعتوں – مرکزِ دائیں بازو کی وی وی ڈی (VVD)، دائیں بازو اور کسان نواز بی بی بی (BBB) اور قدامت پسند این ایس سی (NSC) – کی مقبولیت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ نقصان وی وی ڈی کو ہوا ہے، جو 24 سے کم ہوکر صرف 15 نشستوں تک محدود ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔