ٹرمپ نے بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا — کواڈ سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے، تعلقات میں کشیدگی نمایاں

Screenshot 20250830 232044 1



اسلام آباد/نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے کواڈ سمٹ کے لیے بھارت کا مجوزہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق، صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو یقین دلایا تھا کہ وہ نئی دہلی آئیں گے، تاہم اب ان کے پاس بھارت کے کسی سرکاری دورے کا کوئی منصوبہ موجود نہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی، ٹیرف تنازعے اور سفارتی تلخی کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ ٹرمپ کے حالیہ بیانات، جن میں انہوں نے پاکستان-بھارت تنازع کے حل کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی، نئی دہلی کو شدید ناگوار گزرے۔
امریکی انتظامیہ نے بھارت کی روس سے تیل کی خریداری کے باعث بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد تک خصوصی ڈیوٹی عائد کی تھی، جس پر نئی دہلی نے سخت ردِعمل دیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، مودی اور ٹرمپ کے درمیان حالیہ رابطوں میں بھی شدید تناؤ دیکھا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے دورے کی منسوخی سے نہ صرف پاک-امریکہ-بھارت مثلث میں نئی بحث چھڑ گئی ہے بلکہ کواڈ اتحاد (امریکہ، بھارت، جاپان، آسٹریلیا) کی مستقبل کی حکمت عملی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے، جس کا براہِ راست فائدہ چین کو پہنچ سکتا ہے۔

متعلقہ پوسٹ