دریائے چناب میں پانی کے تیز بہاؤ اور سلال ڈیم میں پانی کی بڑی مقدار جمع ہونے کے بعد ڈیم کے دروازے کھول دیے گئے۔ منگل کی صبح سات بجے سے شام سات بجے تک بھاری مقدار میں پانی چھوڑا گیا، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
سلال پاور اسٹیشن مینجمنٹ کمیٹی نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دریا کے کنارے نہ جائیں اور اپنے مویشیوں کو بھی دور رکھیں۔ ایڈوائزری کے مطابق، پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کے خدشے کے پیش نظر تلواڑہ، گجر کوٹھی، کانسی پٹہ، پناسہ، جیڈی، ڈیرہ بابا اور پبر سمیت دیگر نشیبی علاقوں کے رہائشی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ادھر جموں ضلع کی تحصیل اکھنور میں بھی دریائے چناب کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہوشیار رہنے اور دریا کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
