چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے دو روزہ سربراہی اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اجلاس میں ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اور دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کی سخت مذمت کی گئی۔
اعلامیے میں جعفر ایکسپریس، خضدار حملوں اور پہلگام واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسی سلسلے میں انسداد دہشت گردی تعاون پروگرام 2025-2027 پر عمل درآمد جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ رکن ممالک جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کی حمایت کرتے ہیں اور پرامن ایٹمی توانائی تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید کہا گیا کہ کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشنز پر مکمل عملدرآمد کی حمایت کی جائے گی۔
اعلامیے میں عالمی تجارتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور یکطرفہ اقتصادی پابندیوں کی مخالفت پر زور دیا گیا جبکہ ڈیجیٹل اکانومی اور ای کامرس تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے دوران یونیورسل سینٹر اور اینٹی ڈرگ سینٹر کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔
