اسلام آباد/مستونگ () — بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ستمبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک اہم کارروائی کی، جس میں چار بھارتی سرپرست دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے نشانہ بنائے گئے اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا تھے اور کئی تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو ملک میں مزید حملوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گروہ علاقے میں سرگرم عمل تھا اور متعدد بار عام شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرتا رہا۔ تاہم فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ باقی دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں بھارتی سرپرست دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ملک میں امن و استحکام قائم رکھنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا
