اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید بارشوں کے گیارہویں اسپیل کی وارننگ جاری کر دی ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے اور دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جبکہ جنوبی پنجاب اور اندرونِ سندھ کے بعض اضلاع میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ سیلابی سلسلے کے دوران کئی صوبوں میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے، فصلیں اور مویشی ضائع ہوئے جبکہ سڑکوں اور پلوں سمیت بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق پچھلے اسپیل کی بارشوں اور سیلاب نے سینکڑوں دیہات کو متاثر کیا اور ہزاروں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نئے اسپیل کے دوران بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کے نظام میں رکاوٹ اور آمدورفت میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
