اجلاس میں وفاقی وزیر صحت، وزیر منصوبہ بندی، متعلقہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو منصوبے کی موجودہ پیش رفت، تعمیراتی ڈیزائن، جدید طبی سہولیات اور ریسرچ کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کا قیام پاکستان کے شعبہ صحت میں انقلابی پیش رفت ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف عوام کو عالمی معیار کی علاج معالجے کی سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ میڈیکل ریسرچ اور تعلیم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) اور معروف میڈیکل یونیورسٹیوں سے تکنیکی تعاون کے امکانات بھی تلاش کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے مریضوں کو بین الاقوامی معیار کے علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔