پاکستان کو اٹلی میں روزگار کا بڑا موقع: ساڑھے 10 ہزار ملازمتوں کا کوٹہ حاصل

IMG 20251227 WA1344


اسلام آباد/روم: پاکستان اٹلی سے آئندہ تین برسوں کے لیے ساڑھے دس ہزار ملازمتوں کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3,500 پاکستانی شہری روزگار کے لیے اٹلی جا سکیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اطالوی حکومت نے پاکستان کو یہ کوٹہ مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کے لیے مختص کیا ہے، جس میں شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبے شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ اور قانونی ذرائع سے بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف پاکستانی افرادی قوت کو یورپ میں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے بلکہ ترسیلات زر میں اضافے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
متعلقہ اداروں کے مطابق کوٹے کے تحت جانے والے افراد کے انتخاب اور ویزا عمل کو شفاف اور مرحلہ وار طریقۂ کار کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جس کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

متعلقہ پوسٹ