اسلام آباد —
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروہ پاکستان میں حملوں میں براہ راست ملوث ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ باجوڑ اور بنوں میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر مرکوز تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس اور متحرک ہیں۔
ترجمان نے افغانستان کی جانب سے جاری دھمکی آمیز بیانات کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے سود مند نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
ترجمان نے بھارت سے متعلق دو اہم معاملات بھی اٹھائے۔ انہوں نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت کو اپنی سرزمین پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

