پیونگ یانگ: شمالی کوریا میں یومِ خواتین کے موقع پر منعقدہ سرکاری تقریب میں رہنما کم جونگ اُن نے خطاب کیا۔ تقریب کے دوران ان کی بیٹی کم جو اے کی موجودگی نے بین الاقوامی تجزیہ کاروں میں جانشینی سے متعلق بحث کو ایک بار پھر تازہ کر دیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں کم جو اے کو تقریب کے دوران اپنے والد کے ساتھ بیٹھے اور ان کا ہاتھ تھامے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ تصاویر اتفاقیہ نہیں بلکہ سوچے سمجھے انداز میں جاری کی گئی معلوم ہوتی ہیں کیونکہ شمالی کوریا میں سرکاری میڈیا کا ہر قدم انتہائی محتاط منصوبہ بندی کے تحت اٹھایا جاتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کم جو اے کا عوامی سطح پر کثرت سے سامنے آنا اس بات کا اشارہ ہو سکتا ہے کہ قومی قیادت بتدریج انہیں عوام اور دنیا سے متعارف کروا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق شمالی کوریا میں اقتدار کی منتقلی ہمیشہ خاندان کے اندر ہی رہی ہے اور کم جو اے کی بڑھتی ہوئی عوامی نمائش اسی سلسلے کی کڑی ہو سکتی ہے۔

