کراچی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں جاری جنگ سے امریکہ کے دو سے تین ہفتوں میں نکلنے کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت عالمی اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کے آغاز پر ہی مثبت رجحان غالب رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 7,461 پوائنٹس کے اضافے سے 156,204 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 2,390 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 47,422 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس تیزی کے نتیجے میں 30 انڈیکس میں تقریباً 5.02 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس پر مارکیٹ کا کاروبار 45 منٹ کے لیے معطل کر دیا گیا۔ کاروبار کا دوبارہ آغاز ایک بج کر نو منٹ پر ہوا۔
ٹرمپ کے اس اعلان سے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج تقریباً 2.49 فیصد (ایک ہزار پوائنٹس سے زائد) اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
ایشیائی مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ جاپان کے نکئی انڈیکس میں آج تقریباً 5 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہانگ کانگ کی ہینگ سینگ، انڈیا کی نفٹی ففٹی اور دیگر ایشیائی اور یورپی مارکیٹس میں بھی تیزی کا رجحان غالب رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران جنگ میں امریکہ کی ممکنہ طور پر جلد خروج کی امید سے عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی اور سرمایہ کاری کے موڈ میں بہتری آئی ہے، جس کا مثبت اثر ابھرتی ہوئی معیشتوں پر پڑ رہا ہے۔

