اسلام آباد (1 اپریل 2026): پاکستان اور ناروے نے پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6.2 کے تحت پہلا دوطرفہ کاربن مارکیٹ معاہدہ کر لیا ہے۔ اس معاہدے سے پاکستان میں کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر، صاف توانائی، موسمیاتی فنانس اور کاربن کریڈٹس کی تیاری کو فروغ ملے گا۔
معاہدے پر اسلام آباد میں وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری کے تحت دستخط کیے گئے۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق ملک نے اسے "تاریخی سنگ میل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کو کاربن مارکیٹ کی تیاری سے عملی عملدرآمد کی طرف لے جائے گا۔
وزیر مصدق ملک نے کہا کہ یہ پاکستان کا آرٹیکل 6.2 کے تحت پہلا دوطرفہ معاہدہ ہے، جو بین الاقوامی کاربن ٹریڈنگ، موسمیاتی فنانس اور صاف توانائی کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کے دروازے کھولے گا۔ معاہدے کے تحت پاکستان کاربن کریڈٹ پروجیکٹس تیار کرے گا اور انہیں ناروے کو منتقل کر سکے گا۔
اس معاہدے سے قابل تجدید توانائی، کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر، ٹرانسپورٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں نئے پروجیکٹس شروع ہوں گے۔ ناروے کے سفیر نے معاہدے کو دوطرفہ ماحولیاتی تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

