اسلام آباد/دہلی: آبنائے ہرمز میں ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کی جانب سے مبینہ فائرنگ کے بعد ایک بھارتی آئل ٹینکر کے کپتان کی چیخ و پکار والی آڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
آڈیو میں کپتان کی آواز سنائی دے رہی ہے جس میں وہ ایرانی بحریہ سے منت سماجت کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں:
“آپ نے ہمیں خود گزرنے کی اجازت دی تھی لیکن اب آپ ہم پر فائرنگ کر رہے ہیں، ہمیں واپس مڑنے دیں۔”
کپتان پاسداران انقلاب کی نیوی سے بار بار حملہ روکنے کی التجا کرتے سنے جا سکتے ہیں۔ آڈیو میں افراتفری اور خوف کا ماحول واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا اور سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بھارتی پرچم والے آئل ٹینکر “سانمار ہیرالڈ” کے ساتھ پیش آیا۔ جہاز پر فائرنگ کے نتیجے میں معمولی نقصان ہوا، البتہ عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔ بھارت نے ایران کے سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے اور محفوظ گزرگاہ کی ضمانت کا مطالبہ کیا ہے۔

