وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان نے خطے میں امن بحال کرنے کے لیے ایران کو نئی امن تجاویز ارسال کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی رہا ہے اور جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں عوام سے تیل کی بچت کی بھی خصوصی اپیل کی اور کہا کہ موجودہ علاقائی تناؤ کے پیش نظر توانائی کا محتاط استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں تیل کی کھپت میں نمایاں کمی آئی ہے جسے انہوں نے ایک مثبت اور حوصلہ افزا علامت قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کسی بھی تنازعے میں فریق نہیں بننا چاہتا اور خطے کے تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد میں کفایت شعاری کو اپنا شعار بنائیں۔

