دبئی — متحدہ عرب امارات میں وزارت انسانی وسائل و اماراتی نے اعلان کیا ہے کہ سالانہ دوپہر کے اوقات میں بیرونی کام پر پابندی 15 جون 2026 سے نافذ العمل ہو جائے گی اور یہ پابندی 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔
اس پابندی کے تحت دوپہر 12:30 بجے سے 3 بجے کے درمیان براہ راست سورج کی روشنی میں یا کھلی فضا میں کسی بھی قسم کا بیرونی کام کرنا ممنوع ہوگا۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے آجروں کو 50,000 درہم تک کا بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ اقدام موسم گرما میں شدید گرمی کے دوران محنت کشوں اور مزدوروں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ خلیجی ملک میں گرمیوں کے مہینوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے جو بیرونی کام کو انتہائی خطرناک بنا دیتا ہے۔

