یوکرین کا ماسکو پر بڑا ڈرون حملہ، روس کا بھی شدید جوابی حملہ


ماسکو/کیف — روس نے اتوار کو بتایا کہ یوکرین نے رات بھر ۶۰۰؍ سے زائد ڈرونز کے ذریعے ماسکو اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا، جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب روس نے بھی یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے۔
ماسکو کے میئر سیرگئی سوبیانن نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے ماسکو کے علاقے میں ۲۰۱؍ ڈرونز کو تباہ کر دیا، جبکہ بیشتر ڈرون شہر تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرائے گئے۔ ماسکو ریجن کے گورنر آندرے ووروبیوف نے اسے حالیہ عرصے کے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا۔ ان کے مطابق ایک ڈرون رہائشی مکان پر گرنے سے ۸۳؍ سالہ شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ خطے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جانب یوکرینی حکام نے بتایا کہ روس نے رات کے وقت کیف پر نیا بیلسٹک میزائل حملہ کیا۔ کیف کے میئر ویٹالی کلیچکو کے مطابق شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد شہریوں کو پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایت دی گئی اور ہنگامی امدادی ٹیمیں مختلف مقامات پر روانہ کی گئیں۔ کلیچکو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ شہر کے متعدد مقامات پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق ملک کے دیگر حصوں، بالخصوص کریمینچوک اور کریوی ریہ میں بھی میزائل، گلائیڈ بم اور ڈرون حملوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ تاہم دونوں ممالک کے حکام کے دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

متعلقہ پوسٹ